عالمی جشن صبر و وفا بین الحرمین کربلاء مقدسہ عراق

عالمی جشن صبر و وفا بین الحرمین کربلاء مقدسہ عراق

6/5/2017




سالہائے گذشتہ کی طرح اس سال بھی انجمن غلامان سیدہ زینب سلام اللہ علیہا لکھنو ہندوستان کی جانب سے  بتاریخ 3 شعبان 1438ھ بین الحرمین شریفین کربلاء  زیر نگرانی مرکزی دفتر حضرت آیت اللہ العظمیٰ مرجع جہان تشیع الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف، حرم حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام، حرم حضرت امام حسین علیہ السلام اور بین الحرمین کے ادارے کے تعاون سے عالمی جشن  صبر و وفا کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی طور پر مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کے فرزند حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ علی نجفی دام عزہ نے شرکت فرمائی اور سامعین سے خطاب فرمایا۔

موصوف نے اپنے خطاب میں ’’حسین منی و انا من الحسین‘‘ اور ’’ان الحسین مصباح الھدیٰ وسفینۃ النجاۃ‘‘ پر خصوصی طورپرغوروفکر کرنے کی دعوت دی موصوف نے فرمایا کہ یہ بات عام لوگ بھی سمجھ سکتے ہیں کہ امام حسین علیہ السلام اپنے نانا رسول اکرم سے ہیں لیکن اس بات پر ہمیں غور کرنا چاہیے کہ رسول خدا کس طرح امام حسین علیہ السلام سے ہیں ہم جب غوروفکر کریں گے تو پتہ چلےگا کہ امام حسین علیہ السلام نے اپنی قربانی اور سیرت سے رسول اکرم کی سیرت اوردین اسلام اور انکے نام کو زندہ و پائندہ کیا۔

موصوف نے دوسری حدیث پر مختصراً بیان فرمایا کہ  حدیث رسول ہےکہ امام حسین علیہ السلام ہدایت کا چراغ اور نجات کی کشتی ہیں، مؤمنین محترم ذراغور فرمائیں کشتی کی انسان کو کب ضرورت پڑتی ہے جب انسان اپنے گناہوں کی وجہ سے رحمت الہٰی سے دور ہو جاتا ہے تو اس وقت نجات کے لیے کشتی کی ضرورت پڑتی ہے امام حسین علیہ السلام ہمارے لئے رحمت الہٰی اور نجات کے لیے خدا کی جانب سے نایاب تحفہ ہیں لہٰذا ہمیں چاہیے کہ اس نعمت کو غنیمت سمجھتے ہوئے اس نجات کی کشتی پر سوار ہوجائیں۔

اے محترم زائرین ہم سب اس مقدس مقام پر دونوں مقدس ضریحوں کے درمیان وعدہ کریں کہ مولا ہم آپکے بتائے ہوئے راستے پر چلیں گے آپکا دامن کبھی نہیں چھوڑیں گے۔

موصوف نے اپنے خطاب کے آخری حصہ میں مرجع عالی قدردام ظلہ الوارف کا سلام اور انکی دعائیں مؤمنین تک پہنچائیں اور مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف کا پیغام نقل کرتے ہوئے فرمایا کہ مؤمنین آپس میں متحد رہیں ایک دوسرے کے قوت بازو بنیں، ہر حالت میں مجلس امام حسین علیہ السلام کو قائم کیا جائے اور مجلس امام حسین علیہ السلام و منبر حسینی کی ہر حال میں حفاظت کی جائے۔

موصوف نے فرمایا کہ نجف میں مرجعیت آپ سے بیزار نہیں ہے آپ ہر ممکنہ وسائل کے ذریعے مرجعیت سے رابطہ کر سکتے ہیں آپکی خدمت ہمارے لئے شرف کا باعث ہے۔

موصوف نے انجمن کے ممبران کو خصوصی طور پر اس کامیاب جشن کو قائم کرنے پر مبارک باد پیش کی اور سامعین اور شعراء کو مبارک باد دیتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔