عربی زبان کے مایہ ناز خطیب عمید منبر حسینی علامہ الشیخ احمد الوائلی (قدہ) کی پندرہویں برسی میں حجۃ السلام الشیخ علی النجفی (دام عزہ) کی مشارکت اور حاضرین سے خطاب

عربی زبان کے مایہ ناز خطیب عمید منبر حسینی علامہ الشیخ احمد الوائلی (قدہ) کی پندرہویں برسی میں حجۃ السلام الشیخ علی النجفی (دام عزہ) کی مشارکت اور حاضرین سے خطاب

8/2/2018




مرجع مسلمین و جہانِ تشیّع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلہ الوارف) کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام الشیخ علی النجفی دام عزہ
نے عربی زبان کے مایہ ناز خطیب عمید منبر حسینی علامہ الشیخ احمد الوائلی (قدہ) کی پندرہویں برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی جلسے میں شرکت فرمائی۔
حجۃ الاسلام الشیخ علی النجفی دام عزہ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی مذہب اہل بیت علیہم السلام کی نشر و اشاعت، اپنی خطابت کے ذریعے معاشرے کو ولایت اہل بیت علیہم اسلام کے قالب میں ڈھالنے اور ایمان و تقوے کی محبت کو معاشرے میں راسخ کرنے میں گذاری۔  
موصوف کی جانب سے پڑھے گئے بیان کا اردو ترجمہ حاضر خدمت ہے
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحِيمِ
الحمد لله الذي مَنَّ علينا بنعمة الإِسلام، وهدانا إِلى ولاية أَهل البيت (عليهم السلام)، والصلاة والسلام على خاتم النبيين وأَشرف المرسلين حبيب إِله العالمين أَبي القاسم محمد، وعلى آله الغر الميامين واللعنة على أَعدائهم وقاتليهم وغاصبي حقوقهم من الأولين والآخرين إِلى قيام يوم الدين.
قال الله سبحانه: (إِنَّ الَّذِينَ قَالُوا رَبُّنَا اللَّهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوا تَتَنَزَّلُ عَلَيْهِمُ الْمَلاَئِكَةُ أَلاَّ تَخَافُوا وَلاَ تَحْزَنُوا وَأَبْشِرُوا بِالْجَنَّةِ الَّتِي كُنتُمْ تُوعَدُونَ) صَدَقَ اللَّهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ ۔
ارشاد خداوندعالم ہے کہ  وہ لوگ جنہوں نے خدا ہی کو اپنا رب سمجھا اور اس کے بعد اس عقیدے پر گامزن رہے جب ان کی موت قریب آتی ہے تو ملائکہ ان کے پاس جنت کی بشارت لیکر آتے ہیں اور کہتے ہیں ڈرو نہیں تمہارے لئے جنت کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں ہماری جنت کی اس بشارت کو قبول کرو کہ جسکا وعدہ (انبیاء ع) نے کیا تھا۔
بیشک اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے شیعیان اہل بیت نبی علیہم السلام کو عظیم شخصیات سے نوازا ہے کہ جنہوں نے فیض الٰہی کو کسب کرنے کی کوششیں جاری رکھیں اور حوزہ علمیہ نجف اشرف کہ جو دنیا کے تمام حوزوں کی ماں (اصل) ہے اس سے علم حاصل کیا اورلوگوں کی ہدایت، موعظہ اور رہنمائی کیلئے میدان میں آئے جو کہ انبیاء (ع)، رسولوں اور انکی اتباع کرنے والوں کا وظیفہ تھا اور یہی انبیاء ( ع) اور آسمانی کتابوں کے نازل ہونے کا مقصد تھا۔ ان صاحبان شرف شخصیتوں نے معرفت کو دین سے متمسک رہ کر حاصل کیا  پھر شہر در شہر اس معرفت کو پہنچایا۔
انہیں قابل قدر شخصیتوں میں عربی زبان کے مایہ ناز خطیب عمید منبر حسینی علامہ الشیخ احمد الوائلی (قدہ) تھے کہ جنہوں نے اپنی پوری زندگی مذہب اہل بیت علیہم السلام کی نشر و اشاعت میں گذار دی اور اپنی خطابت کے ذریعہ ولایت اہل بیت علیہم السلام کے قالب میں معاشرے کو ڈھالتے رہے اور ایمان کی محبت کو راسخ کیا اور مومنین کے نفوس میں تقوی پیدا کرتے رہے  اللہ انکی زحمتوں اور کوششوں کو قبول کرے اور وہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے خادموں اور مددگاروں میں محشور ہونے کے مستحق ہیں اور ضرور حضرت امام حسین(ع) اپنے نانا رسول اللہ (ص) ، اپنے بابا حضرت علی (ع) ، اپنی ماں جناب زہراء (ع) ، اپنے بھائی حضرت امام حسن (ع) اور اپنی ذریت سے نو اماموں (ع) کے عطف میں انہیں شامل رکھیں گے۔  
ان پر خدا کی طرف سے سلام ہو جس دن پیدا ہوئے ، جس دن اس دنیا سے رخصت ہوئے اور جس دن دوبارہ زندہ اٹھائے جائیں گے ان کے سر پر نصرت امام حسین (ع) کا تاج ہوگا ۔ انہیں جنت ، اخیار کی ہمنشینی اور اہل بیت (ع) کا جوار مبارک ہو۔  
بےشک انہوں نے عظیم کامیابی حاصل کی ہے اور اپنے کریم خاندان اور شیعیان حضرت علی (ع) کیلئے فراق کا درد چھوڑا ہے۔
والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ