مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے عراق اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات مزید بہتر کرنے پر تاکید فرمائی

مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے عراق اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات مزید بہتر کرنے پر تاکید فرمائی

12/7/2018




مرجع مسلمین و جہان تشیّع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین النجفی دام ظلہ الوارف نے اپنے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کو آئے روسی سفیر ماکسم میکسیموف سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا کہ ضروری ہے کہ دونوں ملک آپسی تعلقات خصوصا اقتصادی اور امنی میدان میں مزید مستحکم کریں مزید انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مزید بہتر ہوتے تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے  فرمایا کہ اسے مزید فروغ دیا جائے تاکہ اسکا فائدہ دونوں دوست عوام تک پہنچے۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے روس کے سفیر کے ذریعہ روسی کمپنیوں کو عراق میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے  ہوئے فرمایا کہ نہ کہ صرف اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہونگے بلکہ اس سے آپ بھی فائدہ اٹھائیں گے اور عراق میں بے روزگاری  کم کرنے میں مدد ملے گی۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے زور دیتے ہوئے فرمایا کہ دنیا حقیقی اسلام اور نقلی اسلام میں فرق کرے اسلئے کہ خود کو اسلام کی قبا میں چھپا کے خود کو مسلمان ہونے کا دعوی کرنے والا دوسرا گروہ پوری دنیا میں قتل و غارت گری، خون خرابہ اور بربادی کو عام کرنے پر تلا ہے جبکہ وہ اسلام کہ جو اہل بیت علیہم السلام کے ذریعہ ہم تک پہنچا ہے   پوری دنیا میں امن و امان، محبت، بھائی چارگی اور پر امن مشترکہ زندگی کا حامی اور گہوارہ ہے۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے تاکید فرمائی کہ ہم حضرت امیر المؤمنین علی بن ابیطالب علیہما السلام اور حضرت امام حسین علیہ السلام کے اس نظام کے پیرو ہیں کہ جس کے متعلق حضرت امام علی علیہ السلام نے اپنی وسیع اسلامی حکومت کی ریاستوں میں سے ایک ریاست کے سربراہ حضرت مالک اشتر  رض  کو اسلامی حکومت کے نظا م کی وضاحت فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ آپ پر واضح ہو کہ  دنیا میں انسانوں کی دو قسمیں ہیں ایک تمہارا دینی بھائی ہے اور دوسرا تمہاری طرح ایک انسان ہے جس طرح آپ اپنے دینی بھائی کے حقوق کی حفاظت کریں گے اسی طرح دوسرے انسانی بھائی کے حقوق کی حفاظت آپکی ذمہ داری ہے  
اور حضرت امام حسین علیہ السلام  نے ارشاد فرمایا کہ ’’میں جنگ میں کبھی پہل نہیں کروں گا‘‘
اگر دنیا آج ان دونوں پر عمل پیرا ہو جائے  تو پوری دنیا میں نہ کہ صرف امن و امان کا بول بالا ہوگا بلکہ  یہ دنیا  سکون و اطمینان ، باہمی محبت اور تعاون کا گہوارہ بن جائیگی۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے مہمان سفیر سے فرمایا کہ روس میں موجود مسلمانوں خاص کر اہل بیت علیہم السلام کے پیروکاروں  کو عراق میں مقامات مقدسہ کی زیارت میں مزید سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنے دینی مرکز سے ہمیشہ وابستہ رہیں اور واپس جاکر وہ وہاں اہل بیت علیہم السلام اور مرجعیت کے امن و امان اور پر امن زندگی گذارنے کے پیغام کو مزید عام کر سکیں۔
اپنی جانب سے مہمان سفیر نے روس میں مسلمانوں سے متعلق مرجع عالی قدر دام ظلہ کو اطمینان دلاتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔