حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ کی داعشی دہشت گردوں پر فتح کے دو سال مکمل ہونے پر جشن فتح و نصر میں مشارکت

حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ کی داعشی دہشت گردوں پر فتح کے دو سال مکمل ہونے پر جشن فتح و نصر میں مشارکت

17/12/2018




مرجع مسلمین و جہانِ تشیّع حضرت آیة الله العظمیٰ الحاج حافظ بشیرحسین نجفی دام ظله الوارف کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے واسط یونیورسٹی میں منعقدہ سالانہ جشن فتح و نصر میں شرکت فرمائی اور مرکزی دفتر کے بیان کی تلاوت کی۔ 

حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ  ’’اعتزاز و افتخار کے ساتھ ہم آج کے دن کا استقبال کرتے ہیں یہ وہ دن ہے کہ جسمیں ہمیں پروردگار عالم نے اپنی رحمتوں سے نوازا اور اسی کے طفیل آج ہی کے دن دو سال قبل ہمیں اسلام اور عراق کے دشمنوں پر عظیم فتح حاصل ہوئی اور اس فتح کے ساتھ ساتھ دشمنان اسلام و عراق اور ان تمام خیانت کرنے والوں کے سارے ارمان خاک میں مل گئے کہ جو عراق کو لوٹنا چاہتے تھے یا جنہوں نے عراق میں دہشت گردوں کو سہولتیں فراہم کی تھیں‘‘

موصوف نے مزید بیان کیا کہ پوری عراقی قوم پر واجب ہے کہ وہ شہداء کے پاک خون کا احترام کریں کہ جنہوں نے  پرچمِ حق کو سربلند رکھنے  کی خاطر اپنے پاک خون  کا نذرانہ  پیش کیا۔ 

حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے اپنے خطاب میں شہیدوں کے گھر والوں کی مدد، زخمیوں کی خدمت اور یتیموں  کی سرپرستی  کی جانب مؤمنین کو متوجہ کرتے ہوئے اسمیں کسی بھی طرح کی کوتاہی سے بچنے کی تاکید کرتے ہوئے  فرمایا کہ ہم سب شہداء، زخمیوں اور مجاہدین کے ممنون منت ہیں کہ جو ابھی بھی ہر وقت مقامات مقدسہ، عتبات عالیات اور  اپنے وطن کے دفاع میں میدان جنگ میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ 

موصوف نے واسط یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر  ھادی دویج العتابی کے ہمراہ یونیورسٹی  کے بعض شعبوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں اس بات کی دعوت دی کہ تعلیمی معیار میں مزید بہتری لائی جائے اور بچوں اور بچیوں میں وطن کی محبت اور اپنی علمی و ثقافتی میراث کو محفوظ رکھنے کے جزبے کو محکم کیا جائے   ساتھ ساتھ  شہیدوں کے احترام  میں لگائی گئی تصویروں کی نمائش کا معائنہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مجاہدین ہمارےدل و دماغ میں ہمیشہ باقی رہینگے اور بوڑھی مائیں آنے والی نسلوں کو انکی بہادری کے قصے سنائیں گی۔