مرجع عالی قدردام ظلہ الوارف کےعراق میں وکلاء اور معتمدین کی ساتویں سالانہ کانفرنس کا نجف اشرف میں انعقاد

مرجع عالی قدردام ظلہ الوارف کےعراق میں وکلاء اور معتمدین کی ساتویں سالانہ کانفرنس کا نجف اشرف میں انعقاد

29/3/2019




مرجع مسلمین و جہانِ تشیّع حضرت آیۃ الله العظمیٰ الحاج حافظ بشیرحسین نجفی دام ظلہ الوارف کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ کی زیرنگرانی   اورانکی موجودگی میں گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی  نجف اشرف میں مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کےعراق میں وکلاء اور معتمدین کی ساتویں کانفرنس کا بعنوان ’’ثقافتی حملوں کے مقابل وکلاء ومعتمدینِ ِمرجعیت صف اول کے مدافع ہیں‘‘ انعقاد کیا گیا۔ 

کانفرنس میں پورے عراق سے مرجع عالی قدردام ظلہ الوارف کے وکلاء اور معتمدین نے شرکت فرمائی۔

مشارکین کو خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے بیان فرمایا کہ لازمی ہے کہ مؤمنین کرام کا دین و مذہب، مرجعیت اور حوزہ علمیہ سے رابطہ مزید مستحکم کیا جائے اور ماضی کے مقابل اس میں مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید بیان کیا کہ معاشرے میں خاص کر ہماری جوان نسل اور کالجوں و یونیورسٹیوں میں پھیلتے ہوئے منحرف افکار اور اخلاقی بدعنوانیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا بے حد ضروری ہے تاکہ ہمارا معاشرہ اور ہماری یہ جوان نسل دامن ِ اسلام سے متمسک رہتے ہوئے اہلبیت علیہم السلام کی پیروکاربنی رہے۔ 

حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نےاپنے خطاب میں شہیدوں کے خانوادوں، زخمیوں کی زیارت اور انکی امداد، شہیدوں کے یتیموں کی پرورش اور دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ انکی تمام ضروریات زندگی کو شخصی طور پرvحاضر ہوکر اخلاص کے ساتھ پورا کرنے پر زوردیا۔ 

موصوف نے اپنے خطاب میں وکلاء اور معتمدین سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا کہ ہم سب پر لازمی ہے کہ پوری قوت کے ساتھ ان حملوں کا مقابلہ کریں کہ جس کے ذریعہ اسلام، ہمارے مذہب اورحوزہ علمیہ کو نشانہ بنانےکی کوشش کی جا رہی ہے اور اسکے ساتھ ساتھ ہمیں اسلامی اخلاق اور تہذیب و ثقافت کو مزید فروغ دیکر مکمل معاشرے کی تشکیل کی بھر پور کوشش کرنا چاہئے۔ 

 کانفرنس کومرکزی دفتر میں عراق کے وکلاء ومعتمدین کے شعبےکے انچارج حجۃ الاسلام شیخ عادل زرگانی دام عزہ نے بھی خطاب کیا انہوں نے اپنے خطاب میں اسلام اور مذہب کے دفاع میں اصلاح اور دینی تبلیغ کے اسلوب میں عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھنے پر تاکید فرمائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کی جارہی سازشو ں کا مکمل شعورہونا چاہئے تاکہ مسلمانوں کو غلام بنانے، انکے اعتقادات میں انحراف اور انہیں جاہلیت کے دور میں دوبارہ  لے جانے  کی سازشوں کا ڈٹ کرمقابلہ کر سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ  ان کوششوں پر لگام لگائی جا سکتی ہےاسکے لئے ہمیں امت مسلمہ کو پُرامن قلعے میں تبدیل کرنا ہوگا ساتھ ساتھ جوان نسل اورمرجعیت اور دین مبین کے درمیان رابطے کو مزید مستحکم کرنا ہوگا۔ 

کانفرنس کے اختتام پر وکلاء ومعتمدین نے مرجع عالی قدردام ظلہ الوارف کا قائم کردہ اور ان کی زیر نگرانی خدمات انجام دینے والے انوارنجفیہ فاؤنڈیشن کا بھی دورہ کیا اسی ضمن میں یتیموں کی تعلیمی و تربیتی خدمات کی خاطر قائم کئے  گئےمدارس دار الزہرا علیہا السلام کا بھی دورہ کیا جہاں تدریسی کورس اور خدمات کوسراہا کہ جنکے سبب آج نجف اشرف میں تعلیمی اداروں میں یہ ادارہ امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔