مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کی خدمت میں مختلف ممالک کے زائرین

مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کی خدمت میں مختلف ممالک کے زائرین

20/5/2019




مرجع مسلمین وجہان تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیرحسین نجفی دام ظلہ الوارف نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ماہ مبارک رمضان کی مناسبت پرزیارت کو آنےوالےمختلف وفود سے اپنی نصیحتوں میں ارشاد فرمایا کہ یہ ماہ مبارک بڑی عظمتوں کا حامل ہے لہذا اسکو غنیمت جانتے ہوئے  اس مبارک مہینے کا اثر ہمارے روزانہ کے سلوک و  رویے، تصرفات اور آپسی میل جول میں خدائے عز وجل  سے اس عہد و پیمان کے ساتھ کہ ماضی میں کی گئی غلطیاں پھر سرزد نہیں ہونگی نظر آنا چاہئے، اسکے ساتھ ساتھ ہمیں خدا کی خوشنودی  کے لئے آپسی رشتوں و تعلقات کو مضبوط کرتے  ہوئے نیکیوں کے حصول کے ساتھ ساتھ توبہ و استغفار کو اپنا شیوہ و عادت بنانا چاہئے۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے زائرین کرام سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا کہ قران مجید میں صاف اور واضح لفظوں میں ارشاد خداوندی ہے کہ  إِنَّمَا يَتَقَبَّلُ اللّهُ مِنَ الْمُتَّقِينَ خدا صرف اورصرف متقیوں کے اعمال قبول کرتا ہے اسکا مطلب یہ  ہے  کہ اگرہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اعمال قبول کئے جائیں تو لازمی طور پر متقی بننا پڑے گا اسکے ساتھ ساتھ جیسا کہ ہماری قومِ شیعہ کا بچہ بچہ اس سے واقفیت رکھتا ہے کہ حضرت علی علیہ السلام  امام المتقین(متقیوں  کے امام ہیں) بروز حشر ہمیں امام علیہ السلام  کی شفاعت کی ضرورت ہے اور جب امام علیہ السلام کی خدمت میں شفاعت کی درخواست لیکر جائیں گے اگر امام علیہ السلام نے پلٹ کر کہہ دیا کہ میں تومتقیوں کا امام ہوں تم تومتقی نہیں ہو تو بتائیے ہم اور آپ کہا جائیں گے دنیا و آخرت میں ان کے علاوہ ہمارا کون ہے لہذا ہمیں خود کو تقوی الہی سے مزین کرنا چاہئے  تاکہ  ہماری مغفرت بھی ہوسکے اور ہم حضرت علی علیہ السلام کی شفاعت  کے مستحق بھی بن سکیں۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نےمؤمنین کرام کے سوالوں کے جوابات بھی دیئےاور انکی عبادتیں مقبول بارگاہ ایزدی  ہوں اسکے  لئے  بھی دعائیں فرمائی۔  
واضح رہے کہ زیارت کو آنے والے وفود میں عراق ،جمہوری اسلامی  ایران، پاکستان اور ہندوستان کے زائرین شامل  تھے۔