حقیقی دین اسلام ولایت امیر المؤمنین علیہ السلام پر ہی مکمل ہوتا ہے، تاریخ انسانیت اس بات پر گواہ ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی وصیت کی مخالفت کرنے والے نقصان اٹھانے والوں میں ہیں

حقیقی دین اسلام ولایت امیر المؤمنین علیہ السلام پر ہی مکمل ہوتا ہے، تاریخ انسانیت اس بات پر گواہ ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی وصیت کی مخالفت کرنے والے نقصان اٹھانے والوں میں ہیں

30/8/2019




مرجع مسلمین و جہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں عید غدیرکی مبارکباد پیش کرنے آئے زائرین کے مخلتف وفود سے اپنی پدرانہ نصیحتوں اور ضروری ارشادات میں   فرمایا کہ عید غدیر اسلام کی سب سے بڑی عید ہے اوراس دن  حکومتِ حق و صداقت کے استمرار کی بنیاد رکھی گئی اوریہ خدا کی جانب سے مبعوث کئے گئےتمام انبیاء و اوصیاء علیھم السلام کی تبلیغی خدمات ومحنتوں کا ثمرہ تھا، انہوں نے فرمایا کہ غدیر کا واقعہ  حقیقی اسلامِ محمدی کی جانب لوگوں کو دعوت اور انہیں یہ باور کرانا ہے کہ دین اسلام حضرت  علی علیہ السلام کی ولایت  کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔
مرجع عالی  قدر دام ظلہ الوارف نے مزید فرمایا کہ عید غدیر ساری عیدوں  میں سب سے زیادہ  فضیلت رکھتی ہے اسلئے  کہ اسی کے ذریعہ  اسلام منزل تکمیل تک پہنچا اور وہ حقیقی اسلام کہ جسے ہمارے نبیؐ لیکر آئے تھے اور جسکی وصیت خود نبی اکرم ؐنے فرمائی وہ غدیر کے ذریعہ  ہی ہم تک پہنچا ہے اسلئےمومنین جب تک اس راستے کے پابند ہیں انہیں خود پر فخر و مباہات  کرنا چاہئے اورتاریخ انسانیت اس بات پر گواہ ہے کہ رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ و آلہ) کی وصیت کی مخالفت کرنے والے نقصان اٹھانے والوں میں ہیں اور آج  جو ہم دہشت گردانہ کاروائیاں اور شدت پسندی دیکھ رہے ہیں وہ غدیری راستے  سے بھٹکنے کا ہی نتیجہ ہے۔