غدير كا واقعہ تمام انسانوں کیلئے حقیقی اسلام کی طرف دعوت ہے

غدير كا واقعہ تمام انسانوں کیلئے حقیقی اسلام کی طرف دعوت ہے

10/9/2018




مرجع مسلمین و جہان تشیّع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نےمرکزی دفتر نجف اشرف میں عید غدير كى مبارك باد پیش کرنے کیلئے آنے والے مؤمنين كرام سے خطاب کرتے ہوئے تاکید فرمائی کہ عید غدیر بغیر کسی شک و شبہ کے اللہ عز و جل کی سب سے بڑی عید ہے اور غدیر کے دن حق کے نظام حکومت کی بنیاد رکھی گئی اور اسطرح سے تمام رسولوں، انبیاء کرام اور اوصیاء علیہم السلام کی کوششیں اور محنتیں رنگ لائیں۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے فرمایا کہ
غدير كا واقعه تمام انسانوں کیلئے حقیقی اسلام کی طرف دعوت ہے اور اس بات کا کھلم کھلا اعلان ہے کہ دین حضرت امیر المومنین علی بن ابیطالب علیہما السلام کی ولایت کے بغیر مکمل نہیں ہوتا اور یہاں سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ عید غدیر تمام عیدوں سے اشرف ہے اسلئے کہ اسلام یہاں مکمل ہوا اور یہ رسول اللہ ص کا راستہ ہے۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے مزید بیان فرمایا کہ حقیقی اسلام جسکی نمائندگی ائمہ معصومین علیہم السلام کرتے ہیں اور جسکی وصیت رسول اللہ ص نے کی ہے وہ غدیری اسلام ہے اسلئے مومنین کرام کو اس وقت تک خود پر فخر و مباہات کرنا چاہئے جب تک وہ غدیری اسلام سے متمسک ہیں۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ عالم انسانیت نے وہ تمام راستے اور طریقے بخوبی دیکھ لئے اور آزما لئے کہ جو رسول اللہ ص کی وصیت کے مخالف تھے سب کے سب کھائی میں گر گئے اور دربدری انکا مقدر بن گئی اور واضح ہونا چاہئے کہ آج جو دہشت گردی ہے وہ رسول اللہ ص کے بتائے ہوئے غدیری راستے اور طریقے سے دوری کا نتیجہ ہے۔