اربعین حسینی 1441 ہجری غیراسلامی ممالک میں رہنے والے اپنا کردار پیش کریں اور اسکے ذریعہ حقیقی اسلام محمدی کی تبلیغ کریں

اربعین حسینی 1441 ہجری غیراسلامی ممالک میں رہنے والے اپنا کردار پیش کریں اور اسکے ذریعہ حقیقی اسلام محمدی کی تبلیغ کریں

15/10/2019




کسی کوراضی کرنے کےلئے اپنا دین وعقیدہ نہ چھوڑیں دین وعقیدے کی پابندی سے آپکی عزت وابستہ ہے

 مرجع مسلمین و جہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں زیارت کو آئےہندوستان، پاکستان اور یورپی ممالک کےزائرین کا خیرمقدم کرتےہوئےان سے اپنی پدرانہ نصیحتوں اور ضروری ارشادات میں حقیقی اسلام محمدی کہ جو ہم تک اہلبیت علیھم السلام کے ذریعہ پہنچا ہےاسکی مکمل پابندی کی نصیحت فرماتے ہوئے بیان کیا کہ ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں  مکمل اسلامی حجاب کی پابندی کریں اسلئے کہ ہماری خواتین کے ذریعہ مکمل حجاب اسلامی کی پابندی انکے والد، شوہراور ذمہ داروں کی غیرت کی عکاسی کرتی ہےاور واضح رہے کہ والدین کے دین کی پابندی سے خداوند عالم ہونے والی اولاد کو نیک و صالح بننے کی توفیق دیتا ہے۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نےغیر اسلامی ممالک خاص کریورپ اورہندوستان میں زندگی بسر کررہےزائرین سے مخاطب ہوتے ہوئے  فرمایا کہ آپ کسی کو راضی کرنے کے لئے اپنے سچےدین وعقیدے  کو نہ چھوڑئے اور اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ آپ کے اپنے سچے دین و عقیدے کے کسی حکم کی پابندی چھوڑنے  سے لوگ راضی ہو جائیں گے تو وہ وہم و گمان کی دنیا میں رہتا ہے اسکے برعکس اس سے ان تک یہ پیغام جاتا ہے کہ جب آپ اپنے دین و عقیدے کے پابند و وفادار نہیں ہو سکتے تو ان سے کیا وفاداری کریں گے لہذا  آپ اپنے کردار اور اخلاق سے دین کی پابندی کے ساتھ لوگوں کو اہلبیت علیھ السلام کے ذریعے جو حقیقی اسلام محمدی ہم تک پہنچا ہے اسے پہنچائیں اور پُرامن زندگی گذارنےکو فروغ دیں اسی میں آپکی عزت ہے۔  
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے مزید فرمایا کہ رسول اسلام ؐکی اخلاق، کردار اور زبانی تبلیغ ترسٹھ سال تک جاری رہی پہلے چالیس سال تک اخلاق و کردار پیش کیا اور پورے جزیرہ عرب سے خود کو انکی زبان سے صادق و امین کہلوایا اسکے بعد زبانی تبلیغ شروع کی کہ جو تئیس سال تک جاری رہی ہےگویا کہ رسول اللہ ؐ نے اپنے کردار اور اخلاق سےترسٹھ سال تبلیغ کی اور زبانی تبلیغ تئیس سال اسکا نتیجہ یہ ہوا کہ دنیا میں کوئی ایسا بڑا شہر نہیں ہے کہ جہاں لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ ؐ کہنے والےنہ ہوں لہذا میں ان مؤمنین کو دعوت  دیتا ہوں  کہ جو غیر اسلامی ممالک میں زندگی بسر کر رہے ہیں وہ دین کی پابندی  کی حدود میں رسول اسلام ؐ کا کردار اور اخلاق اسلامی  پیش کریں   اور اسکے ذریعہ حقیقی اسلام محمدی کی تبلیغ کریں اور دنیا کو اسلام کا روشن چہرہ دکھائیں۔
 آئے ہوئےوفودنے مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کا انکی نصیحتوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان پرعمل کرنے کا وعدہ  فرمایا۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے زائرین کی زیارت مقبول بارگاہ ایزدی ہوں اور وہ زیارت کے بعد امن و سلامتی کے ساتھ اپنے وطن پہنچیں اسکے لئے دعا فرمائی۔