ایام زیارت اربعین1441 میں زیارت کو آنے والےزائرین سے مرجع مسلمین وجہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف کی نصیحتوں کے بعض اہم حصے

ایام زیارت اربعین1441 میں زیارت کو آنے والےزائرین سے مرجع مسلمین وجہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف کی نصیحتوں کے بعض اہم حصے

16/10/2019




۱- کسی کو راضی کرنےکے لئے اپنے سچےدین وعقیدے کو نہ چھوڑیں کیا کوئی ہماری رضامندی کے لئے اپنے باطل دین وعقیدے کوچھوڑنےکےلئے تیار ہے؟ جب لوگ اپنا باطل دین وعقیدہ چھوڑنے پرتیار نہیں تو ہم صحیح دین کے کسی حکم کو چھوڑنے کے لئے کیوں تیار ہیں؟
۲- رسول اسلام (ص)کی اخلاق، کردار اور زبانی تبلیغ ترسٹھ سال تک جاری رہی پہلے چالیس سال تک اخلاق و کردار پیش کیا اور پورے جزیرہ عرب سے خود کو انکی زبان سے صادق و امین کہلوایا اسکے بعد زبانی تبلیغ شروع کی کہ جو تئیس سال تک جاری رہی گویا کہ رسول اللہ(ص) نے اپنے کردار اور اخلاق سےترسٹھ سال تبلیغ کی اورزبانی تبلیغ تئیس سال اسکا نتیجہ یہ ہوا کہ دنیا میں کوئی ایسا بڑا شہر نہیں ہے کہ جہاں لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ(ص) کہنے والا نہ ہو لہذا میں ان مؤمنین کو دعوت  دیتا ہوں کہ جو غیر اسلامی ممالک میں زندگی بسر کررہے ہیں وہ دین کی پابندی کی حدود میں رسول اسلام(ص) کا کردار اور اخلاقِ اسلامی  پیش کریں اور اسکے ذریعہ حقیقی اسلام محمدی کی تبلیغ کریں اور دنیا کو اسلام کا روشن چہرہ دکھائیں۔
۳- مؤمنین اگر خدا رسول ؐ اور اہلبیت علیہم السلام کی رضا و خوشنودی اور اپنی زیارات کی قبولیت چاہتے ہیں تو حقیقی اسلام محمدی کے پابند بنیں اور معصومین ؑ کے سامنے گناہوں کے اقرار کے بعد اس سے ہمیشہ کے لئے توبہ کریں۔
۴- ہم بچپن سے کہتے اور سنتے آئے ہیں کہ حضرت علی علیہ السلام امام المتقین ہیں اور ہم بروز حشر انکی شفاعت کے محتاج ہیں اگر ہم متقی نہ بنے تو کس منہ سے امام المتقین کا سامنا کریں گے اور اگر انہوں نے خدا نخواستہ  یہ کہہ کر منھ موڑ لیا کہ میں تو متقیوں کا امام ہوں تو بتائیے ہم اور آپ کہاں جائیں گے کون ہے ہمارا ان کے علاوہ لہذا متقی بنیں اور واضح رہے کہ ایک مرتبہ بھی گناہان کبیرہ کرنے والامتقی نہیں رہتا جب تک کہ وہ توبہ نہ کرے اور قران میں واضح اور صریح فرمان ہے کہ خدا صرف متقیوں کےاعمال قبول کرتا ہے۔
۵- داڑھی منڈوانا گناہان کبیرہ میں سے ہے چاہے استرے سے ہو یا مشین سے، کتنے شرم کی بات ہےکہ وہ لوگ جو معصومین علیہم السلام خصوصا زیارت امام حسین علیہ السلام کو العیاذ باللہ گناہ سمجھتے ہیں وہ  لمبی لمبی داڑھیاں یہاں تک کہ یورپی ممالک میں بھی رکھتے ہیں اور اہلبیت علیھم السلام کے وفادار اور شیعہ کہلانے والےداڑھیاں منڈا کراماموں کی ضریحوں پر آتے ہیں۔  
۶- ہم سب بچپن سے کہتے آئے ہیں کاش کربلاء میں ہوتے  تو اپنا سر قربان کر دیتے جب ہم میں سے کوئی داڑھی منڈا کرضریح پر کھڑا ہو اور اگر امام ؑ کہہ دیں کیوں جھوٹ بولتے ہو میری قبر پر آکر، داڑھی کے بال رکھنا سخت ہے یا شمر کی تلوار کے وار سہنا، جب تم داڑھی کے دو بال میرے نانا اور اہلبیت علیہم السلام کے کہنے پر نہیں رکھ سکتے تو تلوار کے وار کیا برداشت کرتے خود غور کریں ہے کوئی جواب؟
۷- ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں کیوں کھلے منھ نکلتی ہیں؟ میں جناب فاطمہ زہرا ؑ کی ٹوٹی ہوئی پسلیوں کی قسم دیکر پوچھتا ہوں کیا جناب فاطمہ زہرا ؑ، جناب زینب ؑ منھ کھول کرنکلتی تھیں خدا کی قسم نہیں نہیں نہیں تو پھر یہ کیوں منہ کھول کر نکل رہی ہیں- جناب زہرا ؑ اور جناب زینب ؑ کی کنیزیں انکی پیروی میں مکمل پردہ نہیں کرسکتیں تو بتائیے شمر کے کوڑے کیا برادشت کرتیں۔ میری بیٹیوں مکمل حجاب اسلامی کی پابندی کرو جناب زہرا ؑ اور جناب زینب ؑ کی شفاعت نصیب ہوگی۔
۸- اول وقت نماز کی پابندی کریں کوئی بہانہ کام نہیں آئے گا جب نوکری یا ڈیوٹی پر جانے کے لئے الارم لگا سکتے ہیں تو نماز کے لئے ایسا کیوں نہیں کرتے؟
۹- ولایت اہلبیت علیھم السلام اور انکے دشمنوں سے برات ایسی نعمت ہےجس کا اندازہ ہم سب کو شاید آج نہیں ہے بروز حشر جب اسکی اہمیت کا پتہ چلے گا تو پھر کفِ افسوس ملنے سے بھی کچھ نہیں ہونے والا اسلئے اس نعمت کو ہاتھ سے جانےنہ دیں دشمنانِ اہلبیت کے لئے نرم گوشہ رکھنے والے کس منہ سے اہلبیت علیہم السلام کا سامنا کریں گے؟
۱۰- مظلوم امام زمانہ عج کی نافرمانی سے ڈرو اور بچو، جلتا ہوا دروازہ ، جناب محسن ؑکی شہادت، جناب فاطمہ زہراؑ، حضرت امام حسن ؑ،حضرت امام حسین ؑ کی شہادت اور کربلاء کے واقعات اور اب تک شیعوں پر ڈھائے گئے مظالم  کیاکم ہیں جو نافرمانی کرکے اور امام عج کو ستا رہے ہو تم تو اپنے ہو تم تونہ ستاؤ اور ذرا اس پر بھی غور کرو کہ جب ہمارے اعمال امام زمانہ عج کی خدمت میں پیش ہوتے ہیں اس میں گناہ کا تذکرہ دیکھ کر امام عج گریہ فرماتے ہیں۔
۱۱- شعائر حسینیہ، عزاداری حضرت امام حسین علیہ السلام کو بہرحال زندہ اور باقی رکھیں اسکی بقا میں حقیقی اسلامِ  محمدی کی بقا ہے۔
١٢- مراجع کرام کے درمیان فقہی اختلافات کا سہارا لیکر قوم میں اختلافات کو ہَوا دینا کون سی عقلمندی ہے؟ منبر رسول ؐ کی حفاظت اولین فریضہ ہے اسکے تقدس کا خیال رکھیں۔