حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ کی مجالس عزا میں شرکت

حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ کی مجالس عزا میں شرکت

22/8/2020




حزن وغم کے مہینے ماہ محرم الحرام کی آمد پر مجالس عزا کا سلسلہ نجف اشرف میں بھی جاری و ساری ہے اور حسب سابق اس سال  بھی  مرجع مسلمین و جہان تشیع حضرت آیۃ اللہ  العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ مجالس عزا میں شرکت فرما رہے ہیں۔ 
حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے شعبہ  اعلام سے اپنے بیان میں مظلومیت حضرت امام حسین علیہ السلام کے احیاء اور اسکو باقی رکھنے پر تاکید فرماتے ہوئے بیان کیا کہ کربلاء  میں جن اہداف کے لئے حضرت امام حسین علیہ  السلام نے عظیم قربانی پیش کی یہاں تک کہ بچوں اور مستورات نے قیدوبند کی مصیبتوں  کو بھی برداشت کیا ہمیں پوری دنیا میں اسے پھیلانے اور مزید واضح اور روشن کرنے کی حتی المقدور پوری کوششیں کرنا چاہئے 
موصوف نے اپنے بیان میں فرمایا کہ مومنین مرجعیت کے ارشادات اور ان کی نصیحتوں اور طبی ماہرین کی باتوں کی پابندی کریں اور سلامتی کو یقینی بنائیں تاکہ مومنین کی جانوں  کی بھی حفاظت ہو سکے اور اس مہلک وباء کورونا کو مزید منتشر ہونے سے روکا جاسکے 
حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے مزید فرمایا کہ حالات چاہے جو بھی ہوں اور جیسے  بھی ہوں شعائر حسینیہ کا اہتمام کیا جاتا رہے گا اور یہ باقی بھی رہینگی اور اہل بیت علیہم السلام نے بھی اس پر تاکید فرمائی ہے کہ ہر زمان و مکان میں شعائر حسینیہ کا اہتمام کیا جائے اور ان شعائر حسینیہ کو تقرب الہی اور اس وباء کے خاتمے کے لئے وسیلہ قرار دیتے ہوئے  بارگاہ خداوندی میں تضرع اختیار کریں۔