نجفِ اشرف میں منعقدہ بین الاقوامی اربعین اجتماع میں شیخ علی نجفی دام عزہ کی شرکت
18/1/2026
• اربعینِ حسینیؑ کا سفر محض ایک انسانی اجتماع نہیں، بلکہ ایک ہمہ جہت مدرسہ ہے جو صبر، ایثار اور شعور کی تربیت کرتا ہے، اورحسینی اقدار کے گرد امتِ اسلامی کی وحدت کو منعکس کرتا ہے
مرجع مسلمین و جہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلہ الوارف) کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر محترم شیخ علی نجفی دام عزہ نے بین الاقوامی اربعین اجتماع کے گیارہویں ایڈیشن میں شرکت کی، جس کا انعقاد نجفِ اشرف میں جمہوریۂ اسلامی ایران کے قونصل خانے کی جانب سے کیا گیا۔ اس اجتماع میں سرکاری، دینی و مذہبی اور ثقافتی حلقوں کی وسیع سطح پر شرکت رہی۔
محترم شیخ علی نجفی دام عزہ نے اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے مرجع عالی قدر ( دام ظلہ الوارف) کی جانب سے منتظمینِ اجتماع اور حاضرین تک سلام اور مبارک باد پہنچائی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہلِ بیتِ اطہارؑ کی مناسبتوں کا احیا، بالخصوص اربعینِ حسینیؑ کی مناسبت، ایک منفرد ایمانی اور انسانی کیفیت کی نمائندگی کرتا ہے، جو امام حسینؑ کے ساتھ گہرے تعلق کو مجسم کرتا ہے اور ایثار، شعور اور الٰہی نہج سے وابستگی کی اقدار کو نمایاں کرتا ہے۔
شیخ النجفی ( دام عزہ ) نے اس امر کی جانب بھی اشارہ کیا کہ امام حسینؑ کی خدمت کو بارگاہ خداوندی میں عظیم مقام حاصل ہے، جیسا کہ نصوص اور روایاتِ شریفہ میں وارد ہوا ہے، اور یہ کہ خُدّامِ حسینؑ اور ان کے انصار کو دنیا و آخرت میں ایک خاص کرامت نصیب ہوتی ہے، کیونکہ یہ خدمت صدقِ ولایت اور اقدارِ رسالتی کے عملی اظہار کی نمائندہ ہے۔
اسی طرح شیخ النجفی ( دام عزہ )نے فتح و ظفر کے قائدین کے شہداء کی سیرتوں کا بھی ذکر کیا، جن میں سرفہرست شہید قائد ابو مہدی المهندس اور حاج ق-اس-م سلیم-انی (رحمہما اللہ) ہیں، اور واضح کیا کہ یہ دونوں دین کی خدمت اور امتِ اسلامی کی نصرت کے میدان میں نمایاں مثال تھے۔ ان کی بنیادی فکر انسان کی حقیقی کرامت کا دفاع، ہر قسم کی غلامی اور ظالمانہ نظاموں کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے سے انکار، اور وطنوں و مقدسات کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد تھی۔
اور انہوں نے واضح کیا کہ اربعینِ حسینیؑ کا سفر محض ایک انسانی اجتماع نہیں، بلکہ ایک ہمہ جہت مدرسہ ہے جو صبر، ایثار اور شعور کی تربیت کرتا ہے، اور امام حسینؑ کی اقدار کے گرد امتِ اسلامی کی وحدت کو منعکس کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امت کو درپیش فکری، سماجی اور سیاسی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ان اقدار سے رہنمائی حاصل کرنا ناگزیر ہے۔
اور اپنے خطاب کے اختتام پر شیخ علی نجفی دام عزہ نے خالص حسینی شعور کے فروغ، عدل و انسانی کرامت کے اصولوں کے استحکام، اور اہلِ بیتِ اطہارؑ کے نہج پر گامزن رہنے کی دعوت دی، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ان تمام کوششوں کو قبول فرمائے اور عراق سمیت تمام اسلامی ممالک کو ہر قسم کی آفت اور شر سے محفوظ رکھے۔