مرجع عالیقدر دام ظلہ کی خدمت میں علماء فلسطین کا وفد

مرجع عالیقدر دام ظلہ کی خدمت میں علماء فلسطین کا وفد



11/10/2021


مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف:۔     نجف اشرف پہلے بھی فلسطین کے ساتھ تھا اورمستقبل میں بھی ساتھ رہے گااوران شاء اللہ مسجد اقصی کو ہم آزاد کرائیں گے۔
علماء فلسطین کا وفد:۔     ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ مراجع کرام فلسطین کا دفاع کرنے والوں میں ہمیشہ آگے رہے۔


مرجع مسلمین و جہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں علماء فلسطین پر مشتمل وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے فرمایا کہ نجف اشرف پہلے کی طرح ہمیشہ فلسطین کے ساتھ رہے گا اور ان شاء اللہ ہم مسجد اقصی کو آزاد کرائیں گے۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے اپنے خطاب کا آغاز آیت قرآنی ’’ إِنَّ ٱللَّهَ مَعَ ٱلَّذِينَ ٱتَّقَوا۟ وَّٱلَّذِينَ هُم مُّحْسِنُونَ‘‘سے کیااور جہاد کی اہمیت کے متعلق حکم الٰہی بیان فرماتے ہوئے کہا کہ جہاد کا انحصار صرف جہاد بالسیف میں نہیں ہے بلکہ اس کا انطباق ہمارے اعمال ،ہمارے سلوک ،ہمارے افعال سب پر ہوتا ہے اس لیے کہ جہاد کا مطلب یہ ہے کہ اوامر الٰہی کی پابندی کی جائے اور نواہی سے بچا جائے اور اپنے نفس کو شریعت کے ڈھانچے میں ڈھالا جائے اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ پوری کوشش کریں اور شانہ سے شانہ ملا کر اس طرح رہیں کہ ان کے افعال اور سلوک ان کے مسلمان ہونے کی گواہی دیں۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ نے فرمایا کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے رسول اکرم ؐ اور ان کی امت سے مدد کا وعدہ فرمایا ہے ہوہی نہیں سکتا کہ اللہ، رسول اللہ ؐ اور ان کی امت کو تنہا چھوڑ دے انہوں نے مزید فرمایا ’’ان شاء اللہ مسجد اقصی ٰ کو ہم آزاد کرائیں گے اور نجف اشرف پہلے کی طرح ہمیشہ فلسطین کے ساتھ رہے گا۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق پر بیان کیا کہ یہ ضروری ہے اور اس کو یقینی بنانے کے لیے ہمارے پاس رسول اللہ ؐ، ان کے اہل بیت علیہم السلام اور خاص کر حضرت امام علی علیہ السلام اساسی و بنیادی کردار ہیں اور مسلمانوں کے آپسی اتحاد و اتفاق میں مشترک عامل ہیں اس لیے کہ ان کی عظمت و منزلت پر مسلمانوں میں اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے مزید فرمایا کہ اسلام کے دامن سے متمسک ہونا ایسا شرف ہے کہ جس کی کوئی مثال نہیں ہے۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے مزید فرمایا کہ مسلمانوں کوخود کو حضرت امام حسین علیہ السلام سے مرتبط رکھنا چاہیے اس لیے کہ وہ عزت و شرف و کرامت کا عظیم مدرسہ ہیں۔
دوسری جانب مہمان علماء فلسطین پر مشتمل وفد نے مراجع عظام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ انہوں نے مشکل سے مشکل اوقات میں امت مسلمہ خاص کر مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آوازیں بلند کی اور ان کا ساتھ دیا ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ مراجع عظام فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کرنے والوں میں ہمیشہ آگے آگے رہے، مذکورہ وفد نے حسن استقبال اور ان کی نصیحتوں اور ارشادات پر مرجع عالیقدردام ظلہ الوارف کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ فلسطینی وفد نےعراقیون کےساتھ کربلا مقدسہ جانے والے زائرین کے ساتھ سفر عشق حسینی میں شرکت فرمائی،انہوں نے زائرین کی خدمت کے لئے قائم کردہ اپنےموکب کو ’’ موکب نداء اقصیٰ‘‘ کا نام دیا کہ جس کا قیام کربلا مقدسہ جانے والے راستے میں کیا گیا تھا۔




ٹیلیگرام کے نجفی چینل کو جوائن کریں


بھیجیں
پرنٹ لیں
محفوظ کریں