رسول اللہؐ درگذری، محبت،بھائی چارگی، پُرامن زندگی اورمومنین کے درمیان اتحاد و اتفاق کے الٰہی پیغام کےعلمبردارتھے

رسول اللہؐ درگذری، محبت،بھائی چارگی، پُرامن زندگی اورمومنین کے درمیان اتحاد و اتفاق کے الٰہی پیغام کےعلمبردارتھے



14/11/2021


مرجع مسلمین وجہان ِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ۲۸صفر المظفر رحلتِ رسول اللہ ؐ کی مناسبت پرتعزیت پیش کرنے آئےمومنین سے اپنی نصیحتوں اور ضروری ارشادات میں فرمایا کہ ہمیں بھر پورکوشش کرنا چاہیے کہ ہم سے رسول اللہ  ؐ راضی ہوں۔
مر جع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے مزید فرمایا کہ لازمی طور پر روزانہ کم از کم ایک مرتبہ ہم میں سے ہر فرد اپنے نفس کا محاسبہ کرے اور اپنے اعمال پر غوروفکر کرے اگر نیک اعمال انجام دئیے ہیں تو اس پر خدا کا شکر بجا لائے تا کہ اس کی توفیقات میں مزید اضافہ ہو اور اگر غلطی سرزد ہوئی ہے تو ندامت کے ساتھ روتی آنکھوں سے خدا سےعہد کرے کہ وہ دوبارہ غلطی نہیں دہرائے گا اور توبہ طلب کرے تا کہ آنے والے ایام میں وہ غلطیاں نہ دہرائے اور وہ آنے والے ایام خدا اور اہل بیت علیہم السلام کی مرضی کے مطابق ہوں اور بلا شبہ رضائے اہل بیت علیہم السلام ہی میں رضائے الٰہی ہے۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے مزید فرمایا کہ رسول اللہ ؐ در گذری،محبت،بھائی چارگی، پُرامن زندگی ،ایک دوسرے کی مدد اور مومنین کے درمیان آپسی اتحاد و اتفاق کے الٰہی پیغام کے علمبردار تھے۔اورعصر حاضر میں اس کی اشد ضرورت بھی ہے کہ عمومی طور پر پوری انسانیت اور بالاخص امت مسلمہ رسول اللہ ؐکے انہیں الٰہی پیغام کو اپنائے۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے فرمایا کہ حقیقی اسلام وہی ہے کہ جسے رسول اللہ ؐ لے کر آئے تھے اور اہل بیت علیہم السلام نے اس کی تبلیغ و ترویج کی بہت سے دنیا میں ایسے لوگ ہیں کہ جو سازشوں کے تحت اس حقیقی اسلام محمدی پر تہمتیں چسپا کر کے اس کی حسین صورت کو بگاڑنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں اس لیے ہمیں شعائر دینیہ کی بقاء کے لیے پوری کوشش کرنا چاہیے تاکہ دشمنوں کی سازشیں ناکام ہوں اور بلا شک و شبہ شعائر دینیہ کی بقاء کے لیے کام کرکے ہم الٰہی حکم کی تعمیل کرتے ہیں۔



ٹیلیگرام کے نجفی چینل کو جوائن کریں


بھیجیں
پرنٹ لیں
محفوظ کریں