زیارت اربعین شیعوں کی عظیم ثقافت کا بڑا حصہ ہے اور یہ ظہور مقدس تک باقی رہیگی

زیارت اربعین شیعوں کی عظیم ثقافت کا بڑا حصہ ہے اور یہ ظہور مقدس تک باقی رہیگی

13/10/2021




مرجع مسلمین و جہان تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے حسب دستور سابق امسال بھی زیارت اربعین میں شرکت کے لیے عراق کے مختلف شہروں سے پیدل چل کر عازم سفر عزاداروں کے ہمراہ سفر ہوئے اور زائرین ،مواکب حسینیہ کی ممکنہ خدمت کو یقینی بنانے کے لیے ممکن تعاون فرماتے رہے تا کہ زائرین کو راستوں میں کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
اسی ضمن میں موصوف نے صوبہ بابل میں شہر قاسم کا دورہ کیا اور وہاں زائرین سے اپنے خطاب میں فرمایا کہ زیارت اربعین دنیا کا سب سے بڑا انسانی ،دینی ،ثقافتی ،اجتماعی اور سلمی اجتماع ہے ۔شعائر دینیہ کے احیاء اور اس کی بقاء دین و مذہب کی حمایت کے لیے ، ہماری طاقت و قوت کا مظہر ،وطن ،امت، معاشرے کے دفاع میں عظیم و نایاب اجتماع ہے ۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ یہ زیارت ماضی میں بھی تھی  اور ان شاء اللہ مستقبل میں بھی اہل بیت علیہم السلام کے شیعوں کی ثقافت کا بڑا حصہ تھی اور رہے گی اور ان شاء اللہ اسی طرح امام زمانہ عج کے ظہور مقدس تک ان کی ہی زیر نگرانی باقی رہے گی ۔
حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے فرمایا کہ دہشت گرد تنظیموں خاص کر داعش کے خلاف جو بہادرانہ کردار سامنے آئے وہ سب منبر حسینی کے اردگرد جمع ہونے والے اور اس کی برکات سے فیضیاب ہونے والوں اور اسی زیارت اربعین میں شرکت کرنے والوں کی طرف سے تھے اور مستقبل میں بھی ہمیشہ فتح و ظفر انہیں کا مقدر ہے اس لیے کہ وہ امام حسین علیہ السلام کے ساتھ ہیں اور الٰہی مدد و نصرت حضرت امام حسین علیہ السلام انکی نہضت مبارک اور ان کے چاہنے والوں کے ساتھ ہے اور رہے گی چاہے حالات اور زمانہ جیسا بھی ہو ۔