زیارت اربعین نعمت الٰہی ہے اس لیے مومنین کو چاہیے کہ اس نعمت کے شکرانہ کے طور پر اہل بیت علیہم السلام کے بتائے ہوئے راستے کی پابندی کریں

زیارت اربعین نعمت الٰہی ہے اس لیے مومنین کو چاہیے کہ اس نعمت کے شکرانہ کے طور پر اہل بیت علیہم السلام کے بتائے ہوئے راستے کی پابندی کریں

14/11/2021




مرجع مسلمین وجہان تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیرحسین نجفی دام ظلہ الوارف کےفرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے حسب دستور سابق امسال بھی زیارت اربعین میں شرکت کے لیے عراق کےمختلف شہروں سے پیدل چل کرعازم سفر عزاداروں کے ہمراہ سفر ہوئے اور زائرین،مواکب حسینیہ کی ممکنہ خدمت کو یقینی بنانے کے لیے ممکن تعاون فرماتے رہے تاکہ زائرین کو راستوں میں کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسی ضمن میں موصوف نے صوبہ بابل ،حمزہ غربی، شارع المدینہ ،حلہ سے کربلا جانے والے راستوں پر پیدل چل کر کربلاجانے والے زائرین سے ملاقاتیں کی اور مرجع عالی قدر دام ظلہ کا سلام ان کی نصیحتیں اور ارشادات نقل فرمائے انہوں نے اپنے خطاب میں کربلا مقدسہ اربعین (چہلم) کی زیارت میں شامل ہونے والوں کو امام حسین کا وفادار کہہ کر خطاب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس زیارت اربعین پر دنیا محو حیرت ہے اور وہ اس کے محرکات پر غوروفکر کررہے ہیں اس لیے ہمارے لیے بھی یہ مناسب موقع ہے کہ پیغام حسینی کو پوری دنیا تک پہنچائیں۔
حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی دام عزہ نے شعائر حسینیہ کی بقاء وطن اور ناموس کے دفاع میں اہل حلہ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے نشان شھداء پر حاضری دی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی اور فرمایا کہ آج جو بہادررانہ مواقف نظر آتے ہیں یہ سب عاشوراء کا ہی امتداد ور پھیلاؤ ہے اس لیے کہ عاشوراء امام حسین علیہ السلام  حق کی بقاء اور اس کے دفاع میں بہادری، شجاعت، ایثار و قربانی کا عظیم و مقدس  ایسا مدرسہ ہےجس کا ثانی نہیں ہے۔
موصوف نے مزید فرمایا کہ زیارت اربعین ہمارے لیے عظیم نعمت الٰہی ہے اس لیے لازمی ہے کہ مومنین اس نعمت الٰہی کے شکرانہ میں اہل بیت علیہم السلام کے بتائے ہوئے راستے کی مکمل پابندی کریں اور خود کو ان کے عقائد ،اخلاق اور ان کی سیرت طیبہ کے سانچے میں ڈھالیں اور اس طرح ان کو اپنے لیے نمونہ بنائیں کہ دیکھنے والے اس کے ذریعہ اہل بیت علیہم السلام کے دین کی معرفت حاصل کریں اور ان کے دین کی تبلیغ ہو۔