جوانوں کو اخلاص اور اپنی انتھک کوششوں کے ساتھ بہتری کی طرف ملک کی قیادت میں مخلص سیاسیوں کی مدد کرنا چاہئے

جوانوں کو اخلاص اور اپنی انتھک کوششوں کے ساتھ بہتری کی طرف ملک کی قیادت میں مخلص سیاسیوں کی مدد کرنا چاہئے

4/1/2022




مرجع مسلمین و جہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ  العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف  نے  مرکزی  دفتر  نجف اشرف  میں  کوت   سے آئے   اسکولی  طالبعلموں  کے  وفد  کا خیر مقدم  کرتے ہوئے  ان سے اپنی پدرانہ نصیحتوں اور ضروری  ارشادات  میں فرمایا کہ   اللہ عز و جل  نے  انسان کوعقل جیسی  عظیم نعمت  سے  نواز کر اسے صاحب شرف بنایا ہے   تاکہ  وہ  عقل اور علم سے  فائدہ اٹھائے  ۔
انہوں نے طالبعلموں سے    تعلیم کے  حصول میں  کڑی محنت اور اخلاص  کو توجہ  دینے پر تاکید  کرتے  ہوئے  فرمایا کہ  ملک  کو   آج علماء، انجینیروں  اور ڈاکٹروں  کی ضرورت ہے   اور یہ ضرورت  علم  کو حاصل کرکے   اور انتھک کوششوں  کے ذریعہ ہی  پوری  کی جاسکتی ہے  ۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے   تکلیف و الم کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا  کہ  آج عراق  زندگی گذارنے   کے لئے   ادنی سے ادنی ضروریات  کا محتاج ہے  اور وہ  اسےباہر سے لانے  پر مجبور ہے   جبکہ  عراق کے پاس ہر نعمت ہے  لہذا علم کے حصول  کو اپنا شیوہ  بنائیں  اور اسے دنیا کی  ہر چیز پر فوقیت  دیں   اور اپنی محنتوں اپنی ایجادوں اپنے نظریات  کے ذریعہ  مسلمانوں  کو انکی  کھوئی  ہوئی   شان و شوکت لوٹائیں  ۔
 مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف  نے   مزید فرمایا  کہ  باغیوں اور سرکشوں  کی  لاکھ کوششوں  کے  باوجود   حوزہ علمیہ  نجف اشرف اب تک باقی ہے   اور علوم محمد و آل محمد علیھم السلام   کی  نشر و اشاعت،   اسکی بقا و حفاظت کی  عظیم ذمہ داری نبھانے  میں  بتوفیق الہی  کامیاب رہاہے  اور اس کا  پرچم  الحمد للہ اب تک بلند ہے  اور مستقبل میں بھی ا ن شاء اللہ  بلند رہیگا  ۔
انہوں نے  مزید فرمایا کہ  استمرار  کے  ساتھ حصول علم ،نفس کی اصلاح، تقرب الہی   اور مخلصانہ  عمل  آج  کی  نئی  نسل کے لئے  لازمی ہے  ۔