حضرت امام حسین علیہ السلام کا خادم ہونا دنیا و آخرت میں عظیم شرف ہے

حضرت امام حسین علیہ السلام کا خادم ہونا دنیا و آخرت میں عظیم شرف ہے

30/4/2022




مرجع مسلمین و جہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی  دام ظلہ الوارف نے  مرکزی دفتر  نجف اشرف میں ماہ مبارک رمضان کی مبارک راتوں میں حسب دستور قدیم  امسال بھی  زیارت  کو آئے  مختلف وفود کا خیر مقدم فرمایا اسی ضمن میں  خادمین امام حسین علیہ السلام پر مشتمل   وفد سے مخاطب ہوتے ہو ئے اپنی پدرانہ نصیحتوں  میں فرمایا کہ   امام حسین علیہ  السلام کا خادم ہونا دنیا و آخرت میں عظیم شرف  ہے  اور خادمین  کی منزلت  بھی عظیم  ہے   جیسا  کہ ارشاد خداوندی  بھی  ہے    وَسِيقَ الَّذِينَ اتَّقَوْا رَبَّهُمْ إِلَى الْجَنَّةِ زُمَراً حَتَّى إِذَا جَاؤُوهَا وَفُتِحَتْ أَبْوَابُهَا وَقَالَ لَهُمْ خَزَنَتُهَا سَلَامٌ عَلَيْكُمْ طِبْتُمْ فَادْخُلُوهَا خَالِدِينَ ( جو مومن  تقوی  سے آراستہ  ہوتے ہیں ان کو احترام کے ساتھ جنت کی طرف کھینچا جائےگا  یہاں تک کہ جب اس کے قریب پہنچیں گے اور اس کے دروازے کھول دیئے جائیں گے تو اس کے خزانہ دار کہیں گے کہ تم پر ہمارا سلام ہو تم پاک و پاکیزہ ہو لہٰذا ہمیشہ کے لئے جنت میں داخل ہوجاؤ ) اس آیت  کی  تفسیر روایات اہل بیت علیھم کی بناء  پر یہ  ہے  کہ  خادمین امام حسین علیہ السلام کو بروز قیامت  حضرت امام حسین علیہ  السلام  کے  چہرہ  پُر نور  کی  زیارت  کا شرف حاصل  ہوگا  اور وہ  ان کی زیارت  میں  مصروف ہونگے   اور جنت میں داخل  ہونے  کے بجائے  زیارت  امام حسین علیہ  السلام اور انکے حضور  حاضری  کو مقدم کرینگے ۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف  نے  امام حسین علیہ  السلام کے  خادموں  کو دعوت دی  کہ  ہر وہ  شخص کہ  جو  مراقد اہلبیت علیھم السلام  کی طرف غلط نظر رکھتا  ہے  اسکے  خلاف فیصلہ  کن اور سخت  موقف اپنایا جائے  انہوں نے  جوانوں کو بھی خارجی  ایجنڈوں  پر عمل  پیرا  گمراہ کن عقائد  کے حامل  افراد سے دوری  بنانے  کی  نصیحت فرمائی  ۔
انہوں نے  مزید فرمایا کہ  ائمہ  علیھم السلام  کی  مقدس قبریں اور ان پر بنے  گنبد و منارے  ہدایت  کے روشن منارے ہیں   اور ہم اسی طرح اسکی حفاظت  کرتے  رہینگے  اور جب ائمہ علیھم السلام کے وارث  حضرت امام زمانہ عج کا ظہور مبارک ہوگا تو انکے سپرد کرینگے   اور جس طرح ماضی  میں  ہوا ہے  ان شاء اللہ مستقبل  میں بھی دین کی صورت بگاڑنے، امت محمدی  کو بھٹکانے اور عقائد خراب کرنے  کی   دشمنوں کی ساری   سازشیں ناکام ہونگی۔