مومنین کا اہلبیت علیھم السلام اور عتبات عالیات سے تمسک دشمنوں کی لاکھ کوششوں کے باوجود قیامت تک جاری رہیگا

مومنین کا اہلبیت علیھم السلام اور عتبات عالیات سے تمسک دشمنوں کی لاکھ کوششوں کے باوجود قیامت تک جاری رہیگا

10/5/2022




مرجع مسلمین وجہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف  نے مرکزی دفتر  نجف اشرف  میں عید الفطر کی مبارکباد پیش کرنے کے لئے آنے  والے مختلف رسمی و غیررسمی وفود کا استقبال کیا، اسی ضمن میں حشد شعبی کے وفد  کے علاوہ مومنین کے مختلف وفود محضر مرجعیت  میں حاضر ہوئے اور انکی پدرانہ نصیحتوں سے فیضیاب ہوئے ۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے ان سے اپنے خطاب میں فرمایا کہ  معاشرے کا ہر فرد اپنے نفس کو گناہوں اور معصیت الہی  سے بچائے  رکھے   اس لئے  کہ  گناہوں کا ارتکاب اور معصیت الہی  سے خود کو ملوث کرنا رحمت الہی  سے دور ہونے کا سبب ہے  اور ملعون شیطان کا کام ہی یہی ہے کہ  وہ انسانوں کو گمراہ کرتا ہے  دنیا کی محبت میں اسے الجھانےکی کوششیں کرتا ہے خواہشات نفسانی  پر عمل  کرنے کے لئے  بھڑکاتا  رہتا ہے  تاکہ  انسان اسکا شکار بن کر گمراہ ہوجائے  اور اپنی دنیا و آخرت تباہ کرلے  اسلئے  بہت ہی زیادہ  ہوشیاری کی ضرورت  ہے  حرام سے انسان خود کو دور رکھے  ، اپنے نفس کا محاسبہ  کرتا رہے  اور استغفار سے غافل نہ ہو اور معاشرے  میں اتفاق و اتحاد کی فضا کو ہموار رکھے ۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے مزید فرمایا کہ   سیرت اہلبیت علیھم السلام سے دروس حاصل کرتے  رہیں اور اس پر عمل  یقینی  بنائیں اسلئے  کہ  اہلبیت علیھم السلام ہی  رسول اللہ ؐ کے حقیقی وارث ہیں   انہوں نے امت کو علم و عطا کے وافر سمندر سے مزین کر رکھا ہے  جس شعبے کو آپ دیکھیں گے نایاب اورروشن سیرت دیکھیں گے جس پر عمل سے دنیا و آخرت  دونوں کامیاب ہوتی  ہے  اور اسی روشن نور سے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں  کو بھی منور کرنا چاہئے  ۔
انہوں نے  مزید فرمایا  کہ   مومنین کا اہلبیت علیھم السلام  اور عتبات عالیات سے تمسک دشمنوں کی لاکھ کوششوں کے باوجود قیامت تک جاری رہیگا ۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے فرمایا کہ   حشد شعبی  کے مجاہدوں نے  عتبات عالیات کا دفاع کیا  ہے   اللہ  سبحانہ و تعالی نے انہیں دہشت  گردوں  پر فتح مبین عنایت  کی ہے   کہ  جنہوں نے اپنی دہشت گردانہ کاروائیوں سے  حقیقی اسلام محمدی  کو نشانہ بنانے  کی ناکام کوشش کی انہوں نے حشد شعبی  کے بہادروں سے مخاطب ہوتے  ہوئے فرمایا کہ  خدا آپ لوگوں  کو مزید کامیابیاں عطا کرے  گا اور بروز حشر  امام حسین علیہ السلام  کی شفاعت بھی نصیب ہوگی ۔
انہوں  نے  مومنین کو تقوی کی نصیحت کرتے  ہوئے  فرمایا کہ  خدا صرف متقیوں  کے اعمال قبول کرتا  ہے  قران میں صریحی آیت  موجود ہے  اور تقوے  کے حصول  کی پہلی منزل کم از کم روزانہ ایک مرتبہ  اپنے نفس کا محاسبہ  ہے   اور واضح رہے  کہ  محاسبہ  نفس کا حکم ہمیں ہمارے ائمہ علیھم السلام نے دیا ہے ۔