پاکستانی وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویزن اور سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے مرجع مسلمین و جہان تشیع آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی ۔
اس ملاقات میں مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے فرمایا کہ ملک پاکستان ایک بڑی نعمت ہے لہذا پاکستان اور پاکستانیوں کی حفاظت آپ کی ذمہ داری ہے اور پاکستانیوں کی خدمت پاکستان کی خدمت ہے۔لہذا پاکستانیوں کے امور میں آسانیاں پیدا کرنا آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی غربت کے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اس وقت پاکستان میں ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے سطح غربت کم ہو ۔
مزید برآں مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ پاکستان میں غریب اور لاچار خواتین کی غربت کم کرنے کے لیے انتہائی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ان کی عفت و عصمت محفوظ ہوجائے اور وہ باوقار زندگی گزار سکیں۔
دوسری جانب وزیر مملکت نے پاکستان میں غربت کی شرح کم کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے تفصیل سے آگاہ فرمایا ۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے فقراء کی خدمت کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے مزید توفیقات خیر کے اضافے کے لیے دعا فرمائی۔
آخر پر وزیر مملکت نے قیمتی وقت دینے پر مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کا اپنی طرف سے شکریہ ادا کیا۔
