امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام مسلمانوں کے لیے وحدت اور یکجہتی کا مرکز ہیں

امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام مسلمانوں کے لیے وحدت اور یکجہتی کا مرکز ہیں

13/11/2021





مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف سے سجادہ نشین دربار حضرت سخی سلطان باہو اور سجادہ نشین دربار بابا فرید گنج شکر کی اپنے وفد سمیت ملاقات
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف سے صاحبزادہ پیر خالد سلطان القادری سجادہ نشین دربار سلطان باہو،دیوان احمد مسعود چشتی سجادہ نشین دربار بابا فرید گنج شکر،پیر سید علی حیدر شاہ سجادہ نشین حضور دائم الحضوری، پیر سکندر سلطان قادری مرکزی ناظم اعلیٰ جماعت الصالحین پاکستان، پیر صوفی محمد اقبال نقشبندی ،صاحبزادہ سید بلال شاہ ہاشمی، قاری مہدی حیات نعیمی،صاحبزادہ سید عمیر شاہ اور وفد کے باقی معززین نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔اس ملاقات کا مقصد مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کی زیارت تھا۔
اس ملاقات میں مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نے فرمایا امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام مسلمانوں کے لیے وحدت و یگانگت کا مرکز ہیں کیونکہ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی ذات گرامی پر تمام مسلمان کا اتفاق ہے۔
مزید برآں مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے اس بات پر تاکید فرمائی کہ جسطرح آپ نے عراق میں اور خصوصاً تشیع کے بنیادی مرکز نجف اشرف میں وحدت کی فضا کو ملاحظہ کیا ایسی فضا پاکستان میں بنانے کی ضرورت ہے۔آپسمیں نفرت و تفرقہ کو ختم کر کے بھائی چارہ اور محبت کو رواج دینے کی ضرورت ہے اور پاکستان سے محبت کا یہی تقاضا ہے۔
دوسری جانب آئے ہوئے معززین نے اس وحدت بین المسلمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان میں وہ اس پیغام کو پھر پور طور پہنچائیں گے اور اس سلسلے میں اپنا کردار بھی نبھائیں گے۔
آخر پر مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے مسلمانوں کی حفاظت و وحدت کے لیے دعا فرمائی اور آئے ہوئے وفد نے قیمتی وقت دینے پر مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔