زیارات کی قبولیت کی ایک نشانی انسان میں مثبت اور واضح تبدیلی ہے

زیارات کی قبولیت کی ایک نشانی انسان میں مثبت اور واضح تبدیلی ہے

10/5/2022




مرجع مسلمین وجہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف  نے مرکزی دفتر  نجف اشرف  میں عید الفطر کی مبارکباد پیش کرنے کے لئے آنے  والے مختلف رسمی و غیررسمی وفود کا استقبال کیا، اسی ضمن میں کویت  سے آئے  ہوئے  وفد   کا خیر مقدم کرتے ہوئے  ان سے اپنی پدرانہ نصیحتوں اور ضروری ارشادات میں فرمایا کہ وہ   اوامر الٰہیہ کہ جو ہم تک ثقلین (قران و عترتؑ) کے ذریعہ پہنچے ہیں اسکی پابندی رضائے الہی  کے حصول کا ذریعہ  ہے ۔
انہوں نے مومنین  کو دعوت  دی کہ  خود کو اسلامی صفات سے  مزین کریں  اور سیرت اہلبیت علیھم السلام  کی  پابندی یقینی بنائیں  انہوں نے  مزید فرمایا  کہ  لازمی  طور پر عتبات عالیات  کی زیارتیں  انسان کے اندر ایک مثبت اور واضح تبدیلی  کا ذریعہ  قرار پائے  اور یہ مثبت اور واضح تبدیلی  انسان کے سلوک اس کے اعمال، افعال اور اقوال سے  ظاہر بھی ہو اور یہی  مثبت اور واضح تبدیلی  زیارتوں  کی  قبولیت  کی  ایک نشانی ہے  ۔
مرجع عالیقدر دام ظلہ الوارف نے مومنین کو تزکیہ نفس کی نصیحت کرتے  ہوئے  فرمایا کہ  ہر مومن روزانہ کم از کم ایک مرتبہ  اپنے نفس کا محاسبہ  کرے  اور اپنے اعمال افعال و اقوال پر غور کرے اگر رضائے الہی  کے مطابق تھا تو اس پر شکر خدا بجا لائے  اور خدا نخواستہ  اگر مرضی الہی  کے خلاف تھا تو اپنے گناہوں پر شرمندہ ہو پشیمان ہو گریہ  کرے اور روتی  آنکھوں سے توبہ کرے اور عزم مصمم کرے کے دوبارہ  معصیت الہی  کا خود کو مرتکب نہیں کرےگا۔