مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کی خدمت میں محمودیہ بغدادسے انوار نجفیہ میں خدمت انجام دینے والے اور رضا کاران

مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کی خدمت میں محمودیہ بغدادسے انوار نجفیہ میں خدمت انجام دینے والے اور رضا کاران

15/5/2022




مرجع مسلمین وجہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ  بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نے مرکزی دفتر نجف اشرف عراق میں مرکزی دفتر کے تحت مختلف شعبوں میں مومنین کی خدمت انجام دینے والے ادارے ’’انوار نجفیہ فائونڈیشن‘‘ فرع محمودیہ میں خدمت انجام دینے والے اور رضا کاران کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے ضروری ارشادات میں فرمایا کہ لازمی طور پر یتیموں کی اور ان کے گھر والوں کی نگرانی کی جائے ان سے رابطے میں رہیں اور پوری کوشش کریں کہ ان کے دلوں میں فرحت و سرور کے حاصل ہونے  کا سبب بنیں اور واضح رہے کہ ان کی خدمت کی ترغیب ہمیں رسول اللہ ؐ اور اہلبیت نبی علیھم السلام نے دی ہے یہاں تک کہ روایتوں میں وارد ہوا ہے کہ یتیموں کی کفالت کرنے والا جنت میں رسول اللہ ؐ کے ساتھ ہوگا اور اس سے بڑھ کر عظمت و شرف کی بات اور کیا ہوگی لہذا  مومن کی ذمہ داری ہے کہ وہ یتیموں اور انکے گھر والوں کے رابطے میں رہیں اور مادی و معنوی طور پر انکی خدمت کریں ۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے مزید فرمایا کہ اہلبیت علیھم السلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلا جائے اور ان کے حکم کی تعمیل کو ہر مومن یقینی بنائے اس لئے کہ اہلبیت علیھم السلام کا راستہ ہی حق کا راستہ ہے اور ہمیں خدا کے قریب کرنے والا ہے لہذا ہر انسان کو بھرپور کوشش کرنا چاہئے تاکہ اس میں مثبت و واضح تبدیلی آئے اور تقرب الہی اور تقوے کے مراتب کے حصول کے لئے کوشش کرتا رہے اس لئے کہ تقوے کے بغیر کوئی عمل قابل قبول نہیں ہے اور آخرت میں بھی ان اعمال کا بھی کوئی فائدہ نہیں جو تقوے کے بغیر ہوں۔